• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالیہ بھٹ نے گنگوبائی کاٹھیاواڑی کی ریلیز کی تاریخ بتادی

بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی نئی فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کی ریلیز کی تاریخ بتادی۔ 

خیال رہے کہ فلم ’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘ بھنسالی پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ہے جس میں عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی کی یہ فلم 1960ء کی دہائی میں ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں غیرقانونی پیشے سے وابستہ خاتون گنگو بائی کی زندگی پر مبنی ہے اور اس کی کہانی ایس حسین زیدی کے تحریر کردہ ناول ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ سے لی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ فلم اس وقت تنازعات کا شکار ہوگئی تھی جب گنگو بائی کاٹھیاواڑی کے لے پالک  بیٹے نے سنجے لیلا بھنسالی، عالیہ بھٹ اور  دو مصنفین کیخلاف فلم سے منسلک ایک مجرمانہ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ 

درخواست گزار بابوجی راؤ جی شاہ نے خود کو گنگو بائی کا بیٹا قرار دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ناول کے کچھ حصے ان کے حق رازداری، عزت نفس اور حق آزادی کی خلاف ورزی اور ہتک عزت پر مبنی ہیں، اس لیے ناول مافیا کوئنز آف ممبئی میں گنگوبائی کی زندگی سے متعلق اسباق کو حذف، ناول کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی اور اس ناول پر مبنی فلم کی ریلیز کو روکا جائے۔

اس درخواست کے خلاف فلم ساز اور اداکارہ نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس نے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی کارروائی پر حکم امتنا جاری کردیا تھا۔ 

تنازعات کا شکار اور کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے بعد اب گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ 

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عالیہ بھٹ نے فلم کا پوسٹر شیئر کیا جس میں گنگو بائی (عالیہ بھٹ) ایک پرانی کار کے ساتھ کھڑی ہیں۔ 

انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی فلم 6 جنوری 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ 

خیال رہے کہ عالیہ بھٹ کی جانب سے فلم کی ریلیز کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وہ رنبیر کپور کے ساتھ جودھ پور سے اپنا دورہ پورا کرکے ممبئی واپس پہنچی ہیں۔

تازہ ترین