• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر و وزیراعظم کا میرشکیل الرحمٰن کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ افسوس


صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے  میرشکیل الرحمٰن کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں میر شکیل الرحمٰن کی والدہ، میر ابراہیم الرحمٰن کی دادی کے انتقال پراظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے میر فیملی سے اظہار تعزیت اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

صدر مملکت نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’میں بیگم میر خلیل الرحمٰن کے انتقال پر تعزیت پیش کرنا چاہتا ہوں۔ وہ ایک انتہائی باوقار خاتون تھیں جو اپنے شوہر کی طرح اپنے دل میں مجھ سے اور میرے گھر والوں کے ساتھ خصوصی محبت کا رشتہ رکھتی تھیں۔ میر صاحب مرحوم بھی بےحد عاجز اور بڑے دل کے مالک تھے۔‘

واضح رہے کہ جنگ اور جیو گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن مرحوم کی اہلیہ محمودہ خلیل الرحمٰن 95 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔

مسز محمودہ خلیل الرحمٰن میر شکیل الرحمٰن کی والدہ اور میر ابراہیم الرحمٰن کی دادی تھیں۔

مرحومہ نے 1 بیٹے، 4 بیٹیوں، 24 پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں، 22 پڑ پوتے پڑ پوتیوں، پڑ نواسے پڑ نواسیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج کراچی میں بعد نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی۔

مرحومہ کے اہلِ خانہ نے کورونا وائرس ایس او پیز کی وجہ سے ایصالِ ثواب کے لیے گھر سے ہی دعا کی درخواست کی ہے۔

تازہ ترین