• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر شریف نے فن کے ہر میدان میں شہرت کمائی


اسٹیج، تھیٹر، ٹی وی، فلم، عمر شریف نے فن کے ہر میدان میں شہرت کمائی انہوں نے 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا۔

 80 کی دہائی میں عمر شریف  کے اسٹیج شوز کو خوب پذیرائی ملی، اُن کے مشہور اسٹیج ڈراموں میں بکرا قسطوں پر، بڈھا گھر پر ہے اور دیگر شامل ہیں۔

عمر شریف نے کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، انہوں نے مسٹر چار سو بیس، مسٹر چارلی سمیت کئی فلموں میں کام کیا۔

جیو ٹی وی کا مشہور شو ’دا شریف شو‘ مقبول ترین پروگرام ثابت ہوا۔

قومی ایوارڈز، نگار ایوارڈز، گریجویٹ ایوارڈز سمیت عمر شریف کو کئی ایوراڈز سے نوازا گیا۔

عمر شریف کو جنوبی ایشیا میں کامیڈی کا کنگ مانا جاتا تھا۔

لیجنڈری کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کے لیے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

عمر شریف کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں بھی زیر علاج رہے، ڈاکٹروں نے عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا کے اسپتال میں داخل کروانے کا کہا تھا، عمر شریف کو منگل 28 ستمبر کو ایئرایمبولنس میں روانہ کیا گیا تھا۔

ایئر ایمبولنس کا پہلا اسٹاپ جرمنی تھا، جہاں لینڈنگ کے بعد طیارے میں سوار عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکے بخار کا کہہ کر نیورمبرگ کے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، عمر شریف کا اسپتال میں ڈائیلاسز بھی ہوا تھا۔

نورمبرگ کے اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمرشریف کی حالت بگڑ گئی تھی۔

تازہ ترین