سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ پیٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم عوام پر مہنگائی کی کارپیٹ بمباری کر رہے ہیں۔
شازیہ مری نے ایک بیان میں کہا کہ غریب کیلئے ایک عدد بلب روشن کرنا مشکل بن جائے گا، پیٹرول، گیس، بجلی مہنگی کرنے سے ہر چیز مہنگی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عوام کو مشکلات سے نجات دلائیں گے، عوام پیپلز پارٹی اور دیگر حکومتوں کا موازنہ کریں۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، چینی، آٹا، دال، گھی، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنا کرپشن، نااہلی اور ظلم ہے، عوام پر مہنگائی، بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی بجلیاں گرائی جارہی ہیں۔ ہر چیز کی قیمت میں اضافہ کرپشن اور نااہلی کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے، مہنگائی کا قہر برساتا سورج حکومت کے خاتمے سے ہی غروب ہوگا۔