اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے لاہور سے 9ہزار7سو60کلو گرام چرس برآمد کرنے سے متعلق ایک مقدمہ کے ملزم رانا زبیر شفقت کی لاہور ہائی کورٹ سے بریت کیخلاف انسداد منشیات فورس (اے این ایف)کی اپیل کی سماعت کے دوران اے این ایف حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے،جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں منشیات روز بروز بڑھ رہی ہے، اے این ایف ملزمان نہیں پکڑسکتی تو اپنا کام چھوڑ دے، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی توجسٹس قاضی امین نے اے این ایف کے اسپیشل پراسیکیوٹر جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اے این ایف کا دعویٰ ہے کہ ہم ملک سے منشیات ختم کردیں گے؟ لیکن ملک میں منشیات تو روز بروز بڑھتی جا رہی ہے،ہم یہ نہیں کہنا چاہتے کہ اے این ایف ملزمان سے ملی ہوئی ہے لیکن کیس کا ریکارڈ خود ہی سب کچھ بتا رہا ہے، انہوں نے کہا عدالت نے 2015 میں اس اپیل کی ابتدائی سماعت کے بعد ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیاتھا کہ جب تک اپیل کا فیصلہ نہ ہوجائے ملزمان کو جیل میں ہی رکھا جائے لیکن ایک ملزم موری گل کو بھگا دیا گیا۔