راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) کوٹلی ستیاں مری اتھارٹی بارے اعلی سطحی اجلاس زیر صدارت کمشنر راولپنڈی ڈویژن سید گلزار حسین شاہ ہوا۔جس میں صداقت عباسی ، سیکرٹری ٹورزم،ڈپٹی کمشنر، ڈی جی آر ڈی اے،چیئرمین آر ڈی اے،انجینئرنگ افسران، اے سی کوٹلی ستیاں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مری،کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کو سیاحوں کیلئے مزید پرکشش اور خوبصورت بنانے کیلئے مختلف متبادل روڈ بنانے بارے مختلف انتظامات اور تجاویز پر غور کیا گیا ۔صداقت عباسی نے کہا کہ کہوٹہ ،کوٹلی ستیاں اور مری کے بلڈنگ بائی لاز کاغان کی طرح ہونے چاہیے۔ مری کے کچھ علاقوں میں تعمیراتی کاموں پر 3 ماہ تک سختی سے پابندی لگا دی جائے تا کہ سڑک کی تعمیر کے وقت کوئی مشکل درپیش نہ آئے-انہوں نے کوہسارمری ڈویلپمنٹ اتھارٹی بنانے پر زور دیا۔ کمشنر نے کہاکہ بلڈنگ بائی لاز کو 9 اکتوبر تک فائنل کر کے کوٹلی اور کہوٹہ کے بلڈنگ بائی لاز پیش کیے جائیں۔ دریں اثناء کمشنرکی زیر صدارت لئی ایکسپریس وے بارے جائزہ اجلاس بھی ہوا۔اجلاس کے دوران لئی نا لہ ایکسپریس وے پر تیزی سے عملدرآمد کروانے اور تیز رفتار تکمیل کے مراحل کا جائزہ لیا گیا۔