معروف عالم دین اور مبلغ مولانا طارق جمیل نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر بہت دُکھی ہوں۔‘
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ وہ ہمارا قیمتی سرمایہ تھے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
اُنہوں نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں آج صبح طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 3 بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔