نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی ) کی جانب سے منشیات برآمدگی کیس میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے، اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر تفتیش کرنے کے لیے اداکار کے ڈرائیور کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کے منشیات برآمدگی کیس میں تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے اور اب اس کیس میں پوچھ گچھ کے لیے شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق این سی بی نے اداکار شاہ رخ خان کے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی ہے تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ آریان خان کے ماضی میں کہیں منشیات کی خریداری کے لیے کہیں کوئی تعلقات تو نہیں رہے۔
این سی بی نے شاہ رخ خان کے ڈرائیور کو تفتیش کے لیے طلب کرنے کا فیصلہ ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ آر ایم نیرلیکر نے آریان کی درخواستِ ضمانت مسترد کرنے کے بعد کیا۔
واضح رہے کہ جمعہ کے دن ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کی تھیں۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ایک کروز پر پارٹی کے دوران چھاپہ مارا تھا اور آریان خان سمیت 18 افرد کو حراست میں لیا تھا۔
این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13 گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آریان خان پر این سی بی نے منشیات کے استعمال کا الزام لگایا تھا، جس سے پہلے شاہ رخ کے صاحبزادے نے انکار کیا اور بعدازاں اس کا اعتراف کرلیا۔
این سی بی کے چھاپے میں پکڑے گئے افراد میں آریان خان کے قریبی دوست ارباز مرچنٹ، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چھوکر اور گومیت چوپڑا و دیگر شامل ہیں۔
مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے 1روز پھر 3 روز اور آخر میں 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا۔