ملتان (سٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن ایسٹیبلشمنٹ ملتان آفس میں کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل گوہر نفیس نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد بالخصوص خواتین کے مسائل کے فوری حل کے لیے خصوصی اقدامات شروع کیے گئے ہیں، سابق کمشنر ملتان شان الحق کے کیس میں سٹے کی وجہ سے تفتیش رکی ہوئی ہے۔ محکمہ ہائی وے سکینڈل کیس میں ریکوری کی جانب گامزن ہیں۔ سابق ڈی جی ایم ڈی اے کے کیس کو موجودہ ڈی جی ایم ڈی اے کو بھیجا گیا بل ہے ۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان ریجن حیدر عباس وٹو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ قبل ازیں ڈی جی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب گوہر نفیس نے ملتان سمیت دیگر اضلاع سے آنے والے سائلین کے مسائل سنے۔ اس موقع پر تمام اضلاع کے سرکل افسران بھی موجود تھے ۔ سائلین کی شکایات پر ڈی جی اینٹی کرپشن نے موقع پر احکامات جاری کیے، ناقص کارکردگی کی شکایت پر سرکل افسر لودھراں شاہد نذیر وڑائچ اور ناقص تفتیش پر سرکل آفیسر خانیوال عمران خورشید کی سخت الفاظ میں سرزنش کی اور دونوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ سرکل آفیسر ملتان افضل مہار کو ناقص تفتیش پر جھاڑ پلا ئی۔