• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو PTI کارکنوں کا قتل، PP رکن اسمبلی کے وارنٹ جاری

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 12 میں فائرنگ سے سیاسی پارٹی کے 2 کارکنوں کے قتل کے کیس میں پیپلزپارٹی کے صدر اور رکن اسمبلی چوہدری یاسین کی عبوری درخواست ضمانت مسترد ہوگئی جس کے بعد سیشن کورٹ نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں 25 جولائی کو حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 92 مٹھی جنڈمیں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

پولنگ کے دوران فائرنگ سے تحریک انصاف کے 2 کارکنان جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد سے پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری یاسین نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی تھی۔

آج پیشی کے وقت چوہدری یاسین سیشن کورٹ میں حاضر نہیں ہوسکے ، ان کے وکیل کا کہنا تھا کہ چوہدری یاسین اسلام آباد میں ہونے کی وجہ سے پیشی پر نہیں آسکے ہیں۔

عدالت نے چوہدری یاسین کی عبوری درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ان کا وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا۔

چوہدری یاسین کا فیصلے پر کہنا ہے کہ قانون کے احترام میں ان کے دونوں بیٹوں نے گرفتاری دی تھی اور اب وہ خود گرفتاری پیش کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بے گناہ ہیں اور بطور احتجاج عدالتی فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔

تازہ ترین