• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیراعظم کی اتھارٹی ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کی تقرری وزیراعظم کی اتھارٹی ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نےڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کی طویل نشست کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طویل نشست ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف میں آئیڈیل، خوشگوار اور قریبی تعلقات ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دونوں میں اتفاق ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کےلیے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے لیے تمام آئینی اور قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آفس ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گا جس سے سپہ سالار یا فوج کی عزت میں کمی ہو۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نہ فوج ایسا قدم اٹھائے گی، جس سے وزیراعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی آئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے۔

تازہ ترین