کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے کے لئے اشتہار دے دیا ہے،نئی آئینی تقرری تین سال کے لئے ہوگی۔سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد نئے سی ای او کی تلاش شروع کردی گئی ہے جب کہ چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) سلمان نصیر بطور قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کام کررہے ہیں۔پی سی بی نے نئے چیف ایگزیکٹو کےلیے معیار پر پورا اترنے والے خواہش مند افراد سے 27 اکتوبر تک درخواستیں جمع کرانے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اب لو پروفائل اور کم مراعات کے ساتھ سی ای او لانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ آئینی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔واضح رہے کہ مستعفی ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کے عہدے کی مدت فروری 2022ء میں ختم ہونا تھا لیکن چیئرمین رمیز راجہ اور ان کے درمیان اختیارات کی وجہ سے اختلافات پیدا ہوئے۔وسیم خان نے اختیارات میں کمی کا دیکھتے ہوئے مدت پوری ختم ہونے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔