• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی چڑیل آپ کے پیسے جنات باہر لے گئے؟ حکومتی ترجمان


اسلام آباد (این این آئی) وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، وزیر مملکت زرتاج گل، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون ملیکہ بخاری اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہاہے کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں، ہم کیوں نواز شریف بنیں گے، نوازشریف بننے کیلئے پیدائشی چور ہونا پڑتا ہے۔

مریم نواز کو سزا یافتہ باپ مبارک ہو، جتنا مرضی جادوئی گلاس اٹھا کر دائیں بائیں گھوم لیں کرپشن کا حساب دینا ہو گا،مریم نواز اقتدار کے حصول کیلئے آئینی ادارے کو قربان کرنے کو تیار ہیں، مریم نواز صاحبہ آپ کو قانون توڑنے کی عادت اور ویڈیو بنا کر لوگوں کو بلیک میل کرنے کا شوق ہے، اپنا قد کاٹھ بڑھانے کیلئے عمران خان سے متعلق بیان دیتی ہیں ،گالم گلوچ کی زبان سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،آپکے پیسے کون سے جنات یا چڑیلوں نے بیرون ملک منتقل کیے۔ 

ایک بیان میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ نواز شریف سزا یافتہ ہیں، ہم کیوں نواز شریف بنیں گے، نواز شریف مریم نواز کو مبارک ہوں۔مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایک کروڑ 70 لاکھ پاکستانیوں نے ووٹ دیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اپنی پہچان ہے، وہ قوم کے ہیرو ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ جادو ٹونے کی باتیں ہمیں نہ سنائیں، جادو ٹونے، جنات کی باتیں آپ کے منہ سے اچھی نہیں لگتیں۔انہوںنے کہاکہ آپ کے پیسے کون سے جنات یا چڑیلوں نے بیرون ملک منتقل کیے۔

انہوںنے کہاکہ نواز شریف بنا نہیں جاسکتا وہ پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف روز پیدا نہیں ہوتے، ہر 200 سال بعد پیدا ہوتے ہیں، پہلے نواز شریف میر جعفر کی شکل میں پیدا ہوئے تھے۔

شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدرنے آج بھی عدالت میں رسیدیں نہیں دیں ، مریم صفدرنے قطری خط کی طرح یہ نہیں بتایا کہ رسیدیں کہاں ہیں ؟شہباز گل نے کہا کہ مریم صفدر نے ٹھیک کہا نواز شریف کی طرح کوئی نہیں بن سکتا ،اتنا دھوکے باز واقعی کوئی نہیں بن سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے کہا کہ مریم نواز اقتدار کے حصول کیلئے آئینی ادارے کو قربان کرنے کو تیار ہیں، مریم نواز صاحبہ ہم جانتے ہیں کہ آپ کو قانون توڑنے کی عادت ہے اور ویڈیو بنا کر لوگوں کو بلیک میل کرنے کا شوق ہے مگر ہم آپ کی سیاست کی خاطر پاکستان کے آئینی اداروں کو متنازعہ نہیں بننے دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہاکہ ملک میں سرٹیفائیڈ چورنی جس کا پورٹ فولیو لوگوں کو بلیک میل کرنے کا ذخیرہ موجود ہے، سینیٹ، آزاد کشمیر ہر جگہ پی ایم ایل ن کو اس خاتون کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ملک کے قابل احترام اداروں کی تضحیک کرتی ہے یہی ان کا پورٹ فولیو ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کے کورٹس پر حملہ کرنے کے بجائے سوالات کے جوابات دیں، آپ سوال کے جواب نہیں دے پاتیں۔

تازہ ترین