• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آریان خان منشیات کیس: این سی بی نے بھارتی وزارتِ خارجہ سے مدد مانگ لی

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی درخواستِ ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے این سی بی کے خصوصی وکیل اے ایس جی انل سنگھ نے کہا کہ ایجنسی اس کیس میں سامنے آنےوالے بیرون ملک تعلقات پر تحقیقات کے لیے وزارت خارجہ سے مدد مانگ رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی کے خصوصی وکیل کا کہنا ہے کہ ’اس مرحلے پر جبکہ کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہیں توضمانت کی درخواست دائر کرنا غلط ہے۔‘

وکیل نے مزید بتایا کہ ’ ایجنسی اس کیس میں سامنے آنےوالے بیرون ملک تعلقات پر تحقیقات کے لیے وزارت خارجہ سے مدد مانگ رہی ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ دیگر ملزمان سے منشیات کی تجارتی مقدار برآمد ہوئی ہے ، اس لیے ضمانت کے لیے درخواست دائر کرنے والے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 37 کے تحت درخواست دیں گے۔

وکیل نے مزید کہا کہ جب جرم میں تجارتی مقدار شامل ہو تو یہ دفعہ ضمانت دینے کو مشکل بنا دیتی ہے۔

اے ایس جی نے آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہ ہونے کے دعوے کی بھی تردید کی ۔

واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی عدالت میں گزشتہ روز آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

جج نےکہا کہ فیصلہ 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔

آریان خان 2 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

تازہ ترین