فاسٹ بولر محمد عامر بھی دبئی روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں محمد عامر نے کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس ہو کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
عامر نے یہ بیان بھی دیا تھا کہ اگر انتظامیہ تبدیل ہوئی تو وہ سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے، محمد عامر کا کہنا تھا سابق کرکٹرز 2010 کی غلطی کو جواز بناکر پر مجھ پر تنقید کرتے تھے۔
بعد ازاں کرکٹ مینجمنٹ سے مایوس قومی کرکٹر محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے معاملے پر پی سی بی نے آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جون 2021 میں اپنی ایک پریس کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈکوچ مصباح الحق نے محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیں اور پرفارم کریں تو ٹیم میں آسکتے ہیں۔
اب محمد عامر نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ وہ دبئی جارہے ہیں۔
فاسٹ بولر نے دبئی جانے کی وجہ اپنے ٹوئٹ میں واضح نہیں کی لیکن یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ میں محمد عامر کا نام شامل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں دبئی پہنچ گئی ہے۔
پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔