• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطے میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان وجیہہ ثانی کے پہلے سوال کیا پی ٹی آئی حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گرتی ہوئی معیشت کو سنبھال پائے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاکہ خطے میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

بینظیر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مہنگائی اور گرتی ہوئی معیشت کو سنبھال نہیں پائے گی، اگر آج بھی وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کا خرچہ 55روپے فی کلومیٹر ہے تو انہیں پک اینڈ ڈراپ کی سروس شروع کردینی چاہئے۔

پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے بعد گاڑی اور موٹر سائیکل پر سفر مشکل ہوجائے گا، عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں روکنا تو حکومت کے بس میں نہیں لیکن بہتر پلان تو بناسکتی ہے ،آخری وقت میں ایل این جی کے ٹینڈرز دیئے جاتے ہیں اس میں بھی ایک کارگو کم آیا۔

خطے میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ ہے، حکومت کا پرائم فوکس عوامی مسائل یا مہنگائی نہیں بلکہ آج بھی کرپشن ہے، حکومت پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کیلئے عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرے۔ 

حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ملک سات دہائیوں سے سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، پچھلے سال ایل این جی کے گیارہ کارگوز آئے اس کے باوجود گیس کا بحران پیدا ہوا، حکومت نے اس سے سبق سیکھنے کے بجائے اس سال صرف ایل این جی کے دس کارگوز منگوائے۔

تازہ ترین