وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز یاد رکھیں کہ دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے پر فوج کو زیر بحث لائیں گی تو سیاست میں بھی ان کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مریم نواز کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اداروں اور سربراہوں کا نام لینا کم عقلی ہے، جوڈو کراٹے اور سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کر کے وہ اپنی سیاسی قبر کھودیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہیں نہیں جارہے وہ پانچ سال پورے کریں گے، نواز شریف پلان کر کے لندن گئے وہ مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے ڈالر کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ افغان حالات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کافی بڑی تعداد میں ڈالر افغانستان گیا ہے، چار پانچ کرنسی ایکسچینج کا آڈٹ کرارہے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے فیصل آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان منتخب نہيں سلیکٹڈ ہے، ہم تمہارے ساتھ کھڑے ہوجاتے اگر تم نے جمہوری رویہ اپنایا ہوتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پنڈورا پیپرز میں عمران خان کی جماعت اول نمبر پر آئی ہے۔