• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یووراج سنگھ کو ساتھی کرکٹر  یوجویندر چہل پر متعصب جملے کسنے پر گرفتار کیا گیا اور تین گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد عبوری ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یووراج سنگھ نے گزشتہ برس روہت شرما کے ساتھ انسٹاگرام لائیو میں کرکٹر یوجویندر چہل کے خلاف قابلِ اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس پر ہریانہ کے ہانسی سٹی پولیس اسٹیشن میں یووراج سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ہفتے کے روز ہریانہ پولیس نے انہیں اسپنر یوجویندر چہل کے خلاف ذات پات کا استعمال کرنے پر گرفتار کیا اور عبوری ضمانت پر رہا کر دیا، رہا کرنے سے قبل ان سے 3 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ بھی کی گئی۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کورونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن میں یووراج سنگھ نے روہت شرما کے ساتھ اپنی انسٹاگرام لائیو میں گفتگو کے دوران یوجویندر چہل کو ’بھنگی‘ کہہ کر مخاطب کیا تھا۔

اس کے بعد یووراج سنگھ کے خلاف بھارتی لیگ اسپنر کو متعصبانہ جملہ کہنے پر ایف آئی آر درج کی گئی تاہم یووراج نے اپنے اس عمل کی معافی بھی مانگی اور وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ رنگ ، ذات ، عقیدے کی بنیاد پر کسی قسم کے امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتے۔

تازہ ترین