• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہر کی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹی کی سیٹ پر واپسی، آبدیدہ ہوگئیں

شوہر راج کندرا کی گرفتاری کے بعد بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی جج کے فرائض سرانجام دینے والے اپنے رئیلیٹی شو’سپر ڈانسر چیپٹر4‘ کے سیٹ پر  پہنچیں تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا تقریباً ایک ماہ بعد جب اپنے سیٹ پر پہنچیں تو وہاں استقبال کو دیکھ کر جذباتی ہوگئیں۔

شلپا کی شو میں واپسی پر وہاں موجود شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور گلے لگا کر ان کی غیر موجودگی میں اُن کی کمی محسوس کرنے کے حوالے سے بتایا۔

شرکاء اور ساتھی ججز کا محبت ، پیار اور سپورٹ دیکھ کر شلپا شیٹی آبدیدہ ہوگئیں۔

یاد رہے کہ رئیلیٹی شو’سپر ڈانسر چیپٹر4‘ میں جج کے فرائض سرانجام دینے والی شلپا شیٹی کی ساخت اور شہرت فحش فلمیں بنانے کے کیس میں شوہر کی گرفتاری سے کافی متاثر ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ ممبئی پولیس کے کرائم برانچ سیل نے غیر اخلاقی فلم بنانے کے الزام میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راج کندرا کے خلاف غیر اخلاقی فلم بنانے کا کیس مالانی پولیس اسٹیشن میں 4 فروری 2021 کوانڈین پینل کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور خواتین کی نامناسب نمائندگی [ممنوعہ] ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا اور وہ اس کیس کے کلیدی کردار ہیں۔

تازہ ترین