• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مسلم لیگ ن کے راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے دوتہائی اکثریت حاصل کرنے کے بعد اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے جس پر انہیں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے ٹیلی فون پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نو منتخب وزیراعظم نے آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب میں اپنی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کہ وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے جبکہ اندرونی محاذ پر ہر حالت میں میرٹ کو ترجیح دیں گے اور تعمیر و ترقی کے کاموں میں شفافیت ان کا طرئہ امتیاز ہو گا۔ دسمبر سے قبل بلدیاتی الیکشن کرا دیئے جائیں گے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے احتساب کیا جائے گا تاہم اسے کسی سے انتقام لینے کا ذریعہ نہیں بنایا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں جس پُرسکون طریقے سے جمہوری عمل اپنے انجام کو پہنچا ہے اس کا مقابلہ اگر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات اور کٹھ پتلی حکام کے قیام سے کیا جائے تو اس سے صاف عیاں ہو جاتا ہے کہ آزاد کشمیر میں خالص جمہوری انداز میں لوگ اپنے حکمرانوں کو منتخب کرتے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں یہ سارا عمل نئی دہلی کے لکھے ہوئے سکرپٹ کے مطابق آگے بڑھایا جاتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ وہاں ساڑھے سات لاکھ بھارتی سیکورٹی فورسز کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود حق خود ارادیت کے حصول کے لئے عوام کا احتجاجی جاری ہے اس لئے ان کی قومی آزادی کی تحریک کی حمایت کرنا ہر انسان دوست حکومت کا فرض ہے۔ جہاں تک ان کا دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کرانے اور ہر حالت میں میرٹ کو ترجیح دینے کے اعلان کا تعلق ہے تو ان کی اہمیت سے بھی کوئی ہوشمند انکار نہیں کر سکتا کیونکہ یہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے لازم و ملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ توقع کی جانی چاہئے کہ وہ اپنے ان عزائم میں کامیاب و کامران ہوں گے۔
تازہ ترین