واشنگٹن(جنگ نیوز)امریکی ذرئع ابلاغ کے مطابق صدر براک اوباما کی چھوٹی بیٹی ساشا اوباما نے وائٹ ہاؤس کی آسائشوں کو چھوڑ کر ایک سی فوڈ ریسٹورنٹ میں کام شروع کر دیا ہے۔15 سالہ ساشا اوباما گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ریاست میسی چیوسٹ میں مارتھا وائن لینڈ میں کھانا پیش کر رہی ہیں۔بوسٹن ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق ساشا جن کا پورا نام نتاشا ہے کے ساتھ ریستوران میں خفیہ اداروں کے چھ ارکان بھی موجود ہوتے ہیں۔یہ علاقہ اوباما فیملی کا گرمیوں کی چھٹیوں میں پسندیدہ مقام ہے۔جاری ہونے والی بعض تصاویر میں صدر باراک اوباما کی چھوٹی بیٹی کو ریستوارن کا یونیفارم پہنے کھانا پیش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ان کے ساتھ کام کرنے والے والے ایک شخص نے ہیرالڈ کو بتایا کہ ساشا نیچے کام کر رہی تھیں اور ہم حیران ہو رہے تھے کہ یہ چھ لوگ ان کی مدد کیوں کر رہے ہیں لیکن بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ یہ کون ہیں۔اس حوالے سے وائٹ ہاؤس نے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن امریکی خاتون اول مشیل اوباما نے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی دونوں بیٹیوں کی جتنی حد تک ہو سکے ایک عام انسان جیسی پرورش کر رہی ہیں۔ٹیک اوے کاؤنٹر پر کام کرنے کے علاوہ اطلاعات کے مطابق ساشا اوباما کی دیگر ذمہ داریوں میں میزوں پر انتظار کرنا اور ریستوران کے کھانے کے وقت سے قبل تیاریاں مکمل کرنا بھی شامل ہیں۔ان کی سکیورٹی پرمامور ٹیم کو اکثر قریب ہی گاڑیوں یا پھر بینچوں پر بیٹھے دیکھا گیا ہے جبکہ امریکی صدر کی بیٹی گاہکوں کو کھانا پیش کرنے میں مصروف ہوتی ہیں۔