• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان: گزشتہ روز سے اب تک درمیانے درجے کے 5 زلزلے ریکارڈ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان میں گزشتہ روز سے اب تک درمیانے درجے کے 5 زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان زلزلوں کا تعلق حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے زلزلے سے پیدا ہونے والی زیرِ زمین توانائی کی لہروں سے ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات امیر حیدر لغاری کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ روز سے زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر درمیانے درجے کے 5 زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح ریکارڈ کئے گئے زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 2 تھی جبکہ اس کا مرکز بلوچستان کا علاقہ بارکھان تھا۔

​سائنسی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو بلوچستان اور خیبر پختونخوا ’یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ‘ پر واقع ہیں اور یہ تمام حالیہ زلزلے اسی پلیٹ کی اوپری سطح پر آ رہے ہیں۔

ماہرینِ ارضیات کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے دراصل عالمی سطح پر آنے والے زلزلوں کا اثر ہے، حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد زمین کے اندر توانائی کی لہریں پیدا ہوئیں، جو اب اس سے منسلک دوسری ٹیکٹونک پلیٹوں پر منتقل ہو کر زلزلوں کا سبب بن رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق تاریخ پر نظر ڈالیں تو سال 2000ء سے 2011 ءکے دوران بھی ایسا ہی ایک بڑا تسلسل دیکھا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق انڈونیشیا میں آنے والے بڑے زلزلے کی زیرِ زمین توانائی کے باعث ہی 2005 میں کشمیر کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جب تک زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی یہ لہریں مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں، یوریشین پلیٹ پر مزید معتدل زلزلے آنے کا امکان برقرار رہے گا۔ تاہم، سائنسی طور پر زلزلے کے درست وقت اور شدت کی پیشگوئی کرنا ناممکن ہے۔

قومی خبریں سے مزید