• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیزکمیونٹی صرف پاکستانی پرچم تھام کر مسئلہ کشمیر کیلئے اپنا کردار ادا کرے، سینیٹر عبدالقیوم

برمنگھم(ابرارمغل)وزیراعظم پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے مسئلہ کشمیر سینیٹر جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا ہے کہ سفارتی مشن مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے اور ہندوستان کے مظالم کو بے نقاب کرنے میں مصروف ہے اوورسیز کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل اور اپنا کردار ادا کرنے کے لئے صرف پاکستانی پرچم استعمال کرے، آپس کی تقسیم سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ہندوستان اس وقت تیزی سے اقوام عالم میں اپنا اعتماد اور وقارکھو رہا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نےقائداعظم ٹرسٹ برطانیہ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے ٹرسٹ چیئرمین راجہ محمد اشتیاق خان، ممبر قومی اسمبلی شیخ قیصر احمد، آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر وچیئرمین کُل جماعتی کشمیررابطہ کونسل مولانا عبدالرشید ترابی، ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمود الحسن، ممبر صوبائی اسمبلی میجر (ر)طاہر اقبال، سابق آئی جی بلوچستان رائو امین ہاشم، شہزادہ حیات، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، معروف کمیونٹی شخصیت ڈاکٹر شوکت نواز، لیبر پارٹی کے ایڈوائزر ای یو راجہ فاروق خان، ڈاکٹر خرم بشیر، ڈاکٹر محمد خان، مفتی فاروق علوی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر سےکسی بھی صورت رو گردانی نہیں کی جاسکتی ۔راجہ محمد اشتیاق خان نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی قیادت اقتدار کی رسہ کشی چھوڑ کر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں کیونکہ کشمیری عوام پاکستان کی بقا وسلامتی کیلئے لڑرہے ہیں۔ سری نگر میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کے بعدپاکستانی قیادت کو اقتدار کی سیاست کی بجائے کشمیریوں کا ترجمان بننا چاہئے۔ کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر حافظ فضل احمد قادری نے سفارتی مشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشن کی کاوشوں کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ عالمی سطح پر اب ہندوستان اپنا کیس ہار رہا ہے ہمیں بھرپور انداز میں جدوجہد کرکے ہندوستانی عزائم کو ناکام بنانا ہوگا جب کہ دیگر مقررین عبدالرئوف مغل، مسیحی رہنما پاسٹر اجمل چغتائی، محمد شاہنواز چوہدری، مولانا طارق مسعود، علامہ امداد نعمانی، غلام غلام نبی، علامہ معظم حسن، پروفیسر رضا، چوہدری حبیب رحمٰن، محمد عمر بنیامین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب عالمی سطح پر اجاگر ہو چکا ہے اوورسیز کمیونٹی کے شاندار کردار، حکومت پاکستان کی کاوشوں اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے پُرعزم ولولوں سے ہندوستان دنیا میں تنہا ہو رہا ہے اور اقوام عالم مسئلہ کشمیر کی سنگینی اور مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم سے آگاہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ہندوستان کے خلاف موثر اور مربوط لابنگ کے لئے ہمیں برطانوی پارلیمنٹ تک رسائی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ ہندوستان کے لئے سارے راستے بند کرکے کشمیر کی آزادی کے لئے راہیں ہموار ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے سفارتی مشن بھیج کر مسئلہ کشمیر پر اہم پیش رفت کی ہے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشفاق وانی کی شہادت کے بعد تحریک ایک لاوا بن کر ابھری ہے۔ اس تحریک کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ پاسٹر اجمل چغتائی نے کہا کہ پاکستان کی کرسچن برادری کشمیری عوام کیساتھ کھڑی ہے اور دفاع پاکستان سے لے کر آزادی کشمیر تک اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ قائد اعظم ٹرسٹ برطانیہ نے ہمیشہ ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی بھرپور حمایت کی ہے جن کا مقصد پاکستان کے وقار اور قومی سلامتی کا تحفظ ہو، قائد اعظم ٹرسٹ نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ جمع کرکے سرکاری وفد کی پیش رفت سے آگاہ کرایا ہے۔انہوں نے کہاکہ اوورسیز کمیونٹی کو باہمی اتفاق اور مل جل کر کشمیر کاز کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔
تازہ ترین