• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخبارات کیلئے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ، اے پی این ایس کا وزیراعظم سے اظہار تشکر

کراچی (پ ر)اخبارات کیلئے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں 15؍ فیصد اضافہ کرنے پر آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے صدر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل عمر مجیب شامی نے تنظیم کے ارکان اور عہدیداروں کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ بہت عرصہ سے زیر التوا تھا اور اے پی این ایس وفاقی وزارت اطلاعات سے اپیل کی تھی کہ نرخوں میں اضافہ کیا جائے کیونکہ 2012ء میں نرخوں میں اضافہ کرتے وقت وعدہ کیا گیا تھا کہ ہر سال ان میں 10؍ فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ لیکن یقین دہانیوں کے باوجود اضافہ نہیں کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کا اخبارات کی جانب سے خیر مقدم کیا جائے گا اور چھوٹے اور مقامی اشاعتیوں کو پرنٹ میڈیا میں ان مالی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی جو گزشتہ برسوں کے دوران اخراجات بڑھنے کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ اے پی این ایس نے وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس معاملے پر اے پی این ایس کی حمایت کی اور امید ظاہر کی کہ پرنٹ میڈیا کو وزارت اور وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون ملتا رہے گا۔
تازہ ترین