• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارش :دلکش منظر اور موروں کا رقص دیکھنے کیلئے ہزاروں سیاح تھر پہنچ گئے

اسلام کوٹ(رپورٹ:عبدالغنی بجیر) بارش کے بعد تھر کے دلکش منظر اور موروں کا رقص دیکھنے کے لئے ہزاروں سیاح تھر پہنچ گئے۔کارونجھر اور تاریخی قدیمی مقامات پر لوگوں کا ہجوم. تفصیلات کے مطابق صحرائے تھر میں بارشوں کے بعد ہر طرف کے منظر حسین و جمیل ہو گئے. ریتیلےٹیلوں نے سبز چادر اوڑھ لی اور پانی کےجل تھل موسم بھی سوہانہ ہو گیا ہے.

ایک ہفتہ سے کسی لمحے تیز تو کسی وقت رم جھم کے ساتھ ابر رحمت برس رہا ہے.طویل عرصے کے بعد تھر کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہزاروں سیاح تھر پہنچ گئے ہیں. نگرپارکر کے کارونجھر پہاڑ سے جاری نہروں اور تاریخی قدیمی مقامات پر لوگوں کے ہجوم لگے ہوئے ہیں. علاقہ میں سیاحوں کی آمد سے جہاں کاروباربڑھاوہاں اب بھی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی سہولتیں میسر نہیں ہیں. وزیر سیاحت و ثقافت کی جانب سے کارونجھر پہاڑ میں چئیر لفٹ لگانے سمیت تاریخی ورثہ کی مرمت بھی اعلان کی حد تک محدود رہ گئی ہے.

اس ضمن میں جنگ سے بات کرتے ہوئے سیاحوں علی محمد, کریم, اسامہ، ارسلان, و دیگر نے کہا کہ تھر کوہ مری سے بھی حسین تر بن گیا ہے. موسم سمیت یہاں کے موروں کے رقص دیکھنے والوں پر سحر طاری کر دیتا ہے. مگر ایسے مقامات پر سہولتیں نہ ہونے کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے. پھر بھی تھر کا فطری حسن کھینچ کر یہاں لایا ہے. دریں اثناء تھر کے مقامات جین دھرم کے مندروں ,بھوڈیسر کی قدیمی مسجد,انچلاسر ,ساڑدھرو,کاسبو , چوڑیو پر اگر سرکاری سطح پر سہولتیں اور تفریحی پوائنٹس کو اپ گریڈ کیا جائے تو علاقہ میں روزگار کے مواقع میسر آنے کے ساتھ سیاحت کو مزید فروغ دیا کا سکتاہے۔

تازہ ترین