• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہال ہاشمی توہین عدالت کیس،نامکمل تقریر پیش،سپریم کورٹ پیمرا پر برہم

اسلام آباد (ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں جواب جمع کرانے اور آئندہ سماعت پر گواہ پیش کرنے کا حکم دیا، جج صاحبان نے پیمرا کی جانب سے نہال ہاشمی کی تقریر کے پیش کردہ متن کو نامکمل قرار دیتے ہوئے پیمرا پر برہمی کا اظہار کیا اور مزید مہلت کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر نشر کیا گیا مواد متن سے زیادہ نکلا تو نتائج بھگتنا ہونگے، پہلے توہین عدالت کرتے ہیں، پھر مہنگائی کا رونا روتے ہیں، عدالت کو چکر دینے سے باز آجائیں، عدالت شہادت پر فیصلہ کرے گی اور قانون کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، نہال ہاشمی کو دفاع کا بھرپور موقع دیں گے، بادی النظر میں نہال ہاشمی نے توہین عدالت کی ہے، کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران سینیٹر نہال ہاشمی، ان کے وکیل حشمت حبیب، وکیل استغاثہ اٹارنی جنرل اور پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل حاجی آدم بطور گواہ پیش ہوئے۔

دوران سماعت نہال ہاشمی نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ کی جانب سے تقریر کا مواد سی ڈیزکی صورت میں دیا گیا، سی ڈیز کے ساتھ متن نہیں، کیا پتا سی ڈیز میں کیا ہے؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ جو آپ نے متن فائل کیا ہے اس کے علاوہ بھی کچھ نہیں ہوسکتا، نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب نے عدالت سے استدعا کی کہ مزید جواب جمع کرانا چاہتا ہوں، مہلت دی جائے۔چارج شیٹ کا جواب دینے کے لیے بھی وقت دیا جائے، اپنے حق میں گواہ تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ ٹی وی چینلرز نے حقائق توڑ مروڑ کے پیش کیے اور ہم نے چینلز کے خلاف بھی درخواست دی ہے۔

اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ نے کچھ نہیں کیا سارا کچھ چینل والوں نے ہی کیا ہے۔ نہال ہاشمی کے وکیل نے کہا کہ رجسٹرار نے اپنے نوٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ ججز کو دھمکایا گیا، جسٹس اعجاز نے کہا کہ رجسٹرارنے نہیں بھی لکھا تومسئلہ نہیں، معاملے کا سارے پاکستان کوعلم ہے۔ نہال ہاشمی کے وکیل نے کہا کہ آج تک عدالت نے عمران خان کے خلاف کیوں نہیں توہین عدالت کی کارروائی کی؟ اس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ اس وقت عمران خان کیس ہمارے سامنے زیر سماعت نہیں، حشمت حبیب نے کہا کہ یہ سب کچھ عمران خان کی وجہ سے ہوا، جسٹس اعجاز نے استفسار کیا کہ اس میں عمران خان کا کیا تعلق ہے؟ نہال ہاشمی کے وکیل کا کہنا تھا کہ سارا ڈراما تو عمران خان کا رچایا ہوا ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ عدالت شہادت پر فیصلہ کرے گی اورقانون کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، نہال ہاشمی کو دفاع کا بھرپور موقع دیں گے۔نہال ہاشمی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ تحریری جواب دینے کا موقع دیں معاملہ واضح ہو جائے گا، عدالت کو بتانا چاہتے ہیں کہ نہال ہاشمی نے کن حالات میں تقریر کی، 27صفحات پر مشتمل جواب پہلے ہی آچکا ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا تقریر میں جو کچھ کہا وہ سوچے سمجھے بغیر کہا؟ نہال ہاشمی کے وکیل نے کہا عدالت کو بتایا تھا کہ غلطی کی نشاندہی پر معافی مانگ لیں گے۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ نہال ہاشمی کی تقریر سے پوری تصویر واضح نہیں ہوتی، شوکاز نوٹس پر اپنے جواب کی خامیاں بتائیں، خامیاں ہوئی ہیں تو مزید جواب دینے کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔نہال ہاشمی کے وکیل نے کہا کہ اپنے دفاع کے لیے لوگوں کو کراچی سے لانا ہے، اتنی مہنگائی ہے ان کو لانا بھی ہے خرچہ بھی اٹھانا ہے۔

اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پہلے توہین عدالت کرتے ہیں پھر مہنگائی کا رونا روتے ہیں، بادی النظر میں نہال ہاشمی نے توہین عدالت کی ہے۔ دوران سماعت ڈی جی کیس کے پہلے گواہ ڈی جی پیمرا حاجی آدم نے اپنا بیان قلمبند کرایا۔ گواہ نے نہال ہاشمی کی تقریر کے ٹرانسکرپٹ اور ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے مواد کی فہرست دی۔سپریم کورٹ میں ڈی جی پیمرا کی سخت سرزنش کی گئی، جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ آپ نے حلفا کہا تھا جو کہوں گا سچ کہوں گا، جو تقریرایک چینل پر نشر ہوئی اس کا ٹرانسکرپٹ ساتھ کیوں نہیں لگایا؟ اس پر حاجی آدم نے کہا کہ سر میں خدا کو حاضر ناظر جان کرکہتا ہوں جو کچھ دیا ہے ایمانداری کے ساتھ دیا ہے، پہلے بھی بتا چکا ہوں 26 چینلز کی سی ڈیز اور ٹرانسکرپٹ جمع کرائی ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت وہ سی ڈی اور ٹرانسکرپٹ جمع کرایا گیا جو متعلقہ نہیں، عدالت کو چکر دینے سے باز آ جائیں۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر کیا چلا ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں اگر نشر کیا گیامواد متن سے زیادہ نکلا تو نتائج بھگتناہو نگے۔اٹارنی جنرل اور ڈی جی پیمرا میں کوئی گھر نہیں جائے گا،سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا کہ نہال ہاشمی آئندہ سماعت پرآپ اپنے گواہ بھی پیش کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین