• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

از خود نوٹس، چیف جسٹس نے دہری شہریت والے سرکاری ملازمین اور ججوں کی تفصیلات مانگ لیں

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،این این آئی)چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر میں دوہری شہریت کے حامل سرکاری افسران اور ججوں کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔ عدالتی حکام کو ججوں اوروفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو اسکیل 17سے22تک کے افسران کی رپورٹیں15دن میں پیش کرنے کا حکم دیدا گیا ہے، فاضل چیف جسٹس نے بدھ کے روز یہ از خود نوٹس ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران لیتے ہوئے ملک بھر کے تمام ہائی کورٹس، ان کی ماتحت عدالتوں اورسپریم کورٹ کے رجسٹرار حضرات کو متعلقہ ججوں جبکہ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو سکیل 17سے لیکر 22تک کے افسران کی دوہری شہریت سے متعلق رپورٹیں15دن کے اندر پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے دوہزار بارہ میں دْوہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ داخل کرنے پرسیاسی رہنماؤں کو الیکشن کے لئے نا اہل قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اکتوبر 2012 میں چیف الیکشن کمشنر نے سابق وزراء اور ارکان اسمبلی کے خلاف ڈائریکٹ کمپلین داخل کی تھی، ڈائریکٹ کمپلین سابق وزیر رحمان ملک ،پیپلز پارٹی کی نادیہ گبول اور فرح ناز اصفہانی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف داخل کی گئی تھی۔

تازہ ترین