• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی مودی کے دورہ برطانیہ کے خلاف مظاہرے میں بھرپور شرکت کرے گی، محسن باری

مانچسٹر(تنویر کھٹانہ) پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے کارکنان کو متحرک کرنے اور پارٹی کی تنظیم نو کے سلسلے میں نارتھ ویسٹ مانچسٹر پیپلزپارٹی کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سابق مشیر آزاد کشمیر سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمٰن، مہمان خصوصی پی پی پی برطانیہ کے صدر محسن باری، نائب صدر برطانیہ ندیم قیصر، رابطہ سیکرٹری برطانیہ سرور رانجھا کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے دیگر رہنمائوں اور کارکنوں نے اظہار خیال کیا۔ پیپلز پارٹی برطانیہ محسن باری کا کہنا تھا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی قوم کو ایک آزاد سوچ دی اور اپنی خودمختاری کے لئے جدوجہد کرنے کا شعور دیا۔ پاکستان کو 1977ء آئین دیا اور اقلیتوں کو برابر کے حقوق دیئے۔ بھٹو ازم ایک سوچ ہے اور سوچ کبھی نہیں مرتی جو لوگ سمجھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے ان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی یقینی ہے جس میں پیپلز پارٹی برطانیہ ہراول دستے کا کردار ادا کرے گی۔ مودی کے متوقع برطانوی دورے میں ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مودی کے خلاف مظاہرے میں تمام پارٹیوں کے ساتھ ملکر کسی بھی قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر برطانیہ خواجہ کلیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کی کمی شدت سے محسوس کررہی ہے۔ بھٹو جیسا مدبر سیاستدان صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کو مزید تقویت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کامیاب ہو کر عوامی خدمت سے پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنائے گی۔ دیگر عہدیداروں نے خطاب کرتے ہوئے بھٹو خاندان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہید بھٹو آج بھی کروڑوں عوام کی دلوں اور دماغ میں زندہ ہیں۔ انہوں نے اپنی سفارتی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹوٹے پھوٹے ملک کو دوبارہ جوڑا، جنگی قیدی واپس لئے، دشمن کے قبضے سے 5ہزار مربع میل زمین واگزار کرائی اور ملکی دفاع، معیشت اور صنعت کی مضبوط بنیادیں رکھیں۔ آج پاکستان پھر اسی مشکل دور سے گزر رہا ہے پیپلز پارٹی ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور آئندہ انتخابات میں حکومت بنا کر پھر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ تقریب میں گریٹر مانچسٹر اور نارتھ ویسٹ کے نئے عہدیداروں کا تعارف بھی کروایا گیا نئے عہدیداروں میں اختر حمید رانا صدر، چوہدری محمد الیاس جنرل سیکرٹری، محمد عالم پنوار سینئر نائب صدر، چوہدری نجم الحسن نائب صدر، محمد اسلم انیس ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، طاہر رحیم سیکرٹری انفارمیشن، شہناز فاروقی سیکرٹری ریکارڈ، مختار احمد کو سیکرٹری فنانس، چوہدری وسیم اعظم کو گریٹر مانچسٹر کے یوتھ ونگ کا صدر منتخب کیا گیا۔ جبکہ نارتھ ویسٹ کے لیے سینئر نائب صدر ضمیر حیدر کو منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر منو بھائی، پاکستان کے شہداء اور انسانی حقوق کی علمبردار عاصمہ جہانگیر کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تازہ ترین