• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے،ترجمان ن لیگ

اسلام(جنگ نیوز)مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی قرار دیدیا ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیصلے کی جمہوری تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ،سپریم کورٹ کے فیصلے سے پاکستان میں جمہوری اقدار کو سخت نقصان پہنچے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایک سیاسی جماعت سے اس کا سربراہ چننے کا جمہوری حق چھین لیا گیا ہے، اس فیصلے سے جنرل ایوب خان اورجنرل پرویز مشرف کا آمرانہ اور جمہوریت کش کالا قانون بحال ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1973ء کے آئین کی خالق پار لیمنٹ کے بنائے ہوئے قانون کو ختم کر دیا ہے،ماضی میں بھی ایسے متنازع فیصلوں سے سیاسی جماعتوں سے ان کی قیادت چھیننے کی کوشش کی جاتی رہی ہے،جو کبھی کامیاب نہیں ہوئی۔ترجمان ن لیگ نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی قیادت کسی عہدے یا منصب کی محتاج نہیں ہے،سابق وزیراعظم کروڑوں عوام کی جمہوری امنگوں کے حقیقی ترجمان بن چکے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ نواز شریف کسی فرد کا نہیں بلکہ ایک نظریے، فلسفے اور تحریک کا نام ہے، اب پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کی رہبری اور قیادت میں آئین قانون اور جمہور کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔
تازہ ترین