راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ بلال ابڑو کی سر براہی میں راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے گنجمنڈی میں واقع وقاص ٹریڈرز سے 3لاکھ پیکٹ سے زائد گٹکا برآمد کر کے دکان سربمہرکر دی۔ دورانِ کارروائی ضبط شدہ گٹکا ڈمپنگ پوائنٹ روانہ کر دیا گیا۔ سائنٹیفک پینل کی تحقیق کے مطابق گٹکا کا استعمال منہ ، گلے اور معدے کے سرطان کے علاوہ معدے کے دیگر امراض کا سبب بنتا ہے ۔ایک معروف کمپنی کے ویئر ہاؤس سے بھی بھاری مقدار میں زائد المیعاد بوتلیں اور رنگی ہوئی دالیں برآمد کر کے سر بمہر کر دیا گیا ۔ فوڈ اتھارٹی ٹیمز نے چکوال میں کارروائی کر تے ہوئے پراچہ کریانہ سٹور پر موجود 50کلو گرام رنگدار پاپڑ اور 360کلو گرام ملاوٹی سرخ مرچ قبضے میں لیتے ہوئے دکان کو سر بمہرکر دیا۔ جبکہ4فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات ، زنگ آلودہ فریزر میں باسی گوشت اوربدبودار مچھلی کی موجودگی ،غیرمعیاری اجزاء کے استعمال ،میڈیکل سرٹیفیکٹس کی عدم موجودگی،ڈیری پروڈکٹس کو بغیر ڈھکے گوشت کے ساتھ فریزر میں رکھنے اور چوہوں کی مودجوگی پرسربمہرکر دیا گیا۔دوسری جانب معروف کمپنی کے ویئر ہاؤس سے ایکسپائر بوتلوں کی بڑی کھیپ برآمد کر لی گئی۔ ناقص پلپ سے تیار کی گئی 3 ہزار بوتلیں اور جوس کی 2500 سو بوتلیں برآمد کی گئی۔فوڈ اتھارٹی ٹیمز نے ڈویژن بھر میں کارروائی کے دوران 17فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 72,000کے جر مانے عائد کر تے ہوئے دیگر کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔