ورلڈ کپ وارم اپ، پاکستان نے فارم کی جھلک دکھا دی، ویسٹ انڈیز چت

October 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف وارم اپ میچ سات وکٹ سے جیت لیا۔ بولرز نے نپی تلی بولنگ کی جس کے بعد بیٹسمینوں نے عمدہ فارم کی جھلک دکھاتے ہوئے کیریبینز کو چت کردیا۔ کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری بنائی ، محمد حفیظ کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوگئے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹ پر130رنز بناسکی۔ پاکستان نے ہدف27گیندیں پہلے پورا کرلیا۔ ون ڈائون پر آنے والے فخر زمان نے24گیندوں پر44 رنز دو چھکوں اورچار چوکے مارے۔شعیب ملک نے آئوٹ ہوئے بغیر14 رنز 11 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ پیر کو آئی سی سی اکیڈمی میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف نے دو دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمرون ہیٹمائر 28، کیرون پولارڈ 23 اور کرس گیل 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان ٹیم نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز کے ہدف 16ویں اوور میں پورا کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کر ڈالی۔ محمد رضوان نے 13رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیڈن والش نے2جبکہ روی رامپال نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ایک اور وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو41رنز سے شکست دے دی۔