متنازع بیانات کے لیے مشہور امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے ایران سے جاری جنگ کے تناظر میں عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کی حمایت میں شامل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کیپٹل ہل میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کی جانب سے اس تنازع میں شامل ہونے سے گریز انہیں شدید مایوسی میں مبتلا کر رہا ہے۔
سینیٹر لنزے گراہم نے ایران سے تنازع کے دوران غیر جانبدار رہنے کو ترجیح دینے والے ممالک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ امریکی فوجی اتحادیوں اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے محاذ پر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک اس صورتحال میں خود کو الگ نہیں رکھ سکتے اور موجودہ جنگ کے دوران ان کی غیر فعالیت ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے اس سے قبل سوشل میڈیا پوسٹ میں سعودی عرب پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر سعودی عرب ایران کے خلاف جنگ میں عملی طور پر شریک ہونے کے لیے تیار نہیں تو پھر امریکا کو اس کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیوں کرنا چاہیے؟