ظہور بلیدی کا 40 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ

October 19, 2021

حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما ظہور احمد بلیدی نے 40 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کردیا۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران ظہور احمد بلیدی نے دعویٰ سے کہا کہ 40 ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت سیاسی بحران ہے، میں وزیراعلیٰ جام کمال سے کہتا ہوں وہ عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔

بی اے پی رہنما نے مزید کہا کہ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان سے دوبارہ کہتے ہیں کہ مستعفی ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جام کمال کا دعویٰ ہے کہ ان کی تعداد پوری ہےجبکہ ہمارے پاس موجود اراکین کی تعداد 40 ہوچکی ہے۔

ظہور احمد بلیدی نے یہ بھی کہا کہ اس وقت یہاں 36 ارکان اسمبلی موجود ہیں جبکہ 4 کل ایوان میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مستعفی نہ ہوئے تو تحریک پیش کرکے جام کمال کو آئینی طریقے سے برخاست کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف ناراض اراکین کی تحریک عدم اعتماد کل پیش ہوگی۔