نیدرلینڈز، پاکستانی سفیر کی ڈچ کوہ پیما اور مہم جو ولکو وان روجین سے ملاقات

October 20, 2021

نیدرلینڈز میں تعینات پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے مشہور ڈچ کوہ پیما اور مہم جو ولکو وان روجین سے ملاقات کی ہے۔

ولکو وان روجین نے 2008ء میں کامیابی کے ساتھ دنیا کی دوسری لیکن چڑھنے میں مشکل ترین پہاڑ، کے ٹو کی چوٹی سر کی تھی، چوٹی سے واپسی پر وہ گر گئے تھے اور تین دن تک ان کا کچھ پتہ نہیں چلا تھا کہ وہ کہاں ہیں لیکن 3 دن کے بعد اُنہیں زندہ سلامت تلاش کر لیا گیا تھا۔

اس سے قبل مسٹر ولکو نے 1995ء اور 2006ء میں بھی کے ٹو پر چڑھنے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہے تھے۔

اس ملاقات میں مسٹر ولکو نے سفیر پاکستان کو اپنی کے ٹو کی مہم پر تحریر کردہ کتاب بھی پیش کی جبکہ جواب میں سفیر پاکستان سلجوق تارڑ نے اردو سفر نامہ، کے ٹو کہانی، ٹریک ٹو بیس کیمپ، کےٹو، مہمان کو پیش کیا۔

ملاقات میں سفیر نے انہیں پاکستان میں سیاحت میں اضافے اور حکومت پاکستان کی جانب سے ایڈوینچر ٹوراِزم سمیت سیاحت کے فروغ کے بارے میں کوششوں سے آگاہ کیا۔

اس ملاقات میں مسٹر ولکو کے ساتھ ڈچ ایڈوینچر ڈاکو مینٹری بنانے والے سجرس روجٹر بھی تھے جو ولکو کی مہمات پر فلم بنا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستانی سفارت خانہ ڈچ سیاحوں کی پاکستان آنے اور دلچسپی بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے کیونکہ پاکستان کا متنوع لینڈ اسکیپ اور پہاڑ دنیا بھر کے مہم جوئی اور کوہ پیماؤں کے لیے ایک منفرد چیلنج پیش کرتے ہیں۔