منشیات کیس، اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے کی درخواست ضمانت پھر مسترد

October 21, 2021


نئی دہلی (جنگ نیوز )ممبئی میں عدالت نے بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ۔ ضمانت کی یہ درخواست ممبئی کی ایک خصوصی عدالت میں دائر کی گئی تھی۔عدالت نے ارباز مرچنٹ اور منمون دھمیچ کی ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد کی ہیں۔ یہ تمام افراد منشیات کی خرید اور اسے استعمال کرنے کے الزامات کے تحت گذشتہ کئی دنوں سے زیر حراست ہیں۔آرین خان کو دو اکتوبر کی شام انڈیا میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بورڈ (این سی بی) نے منشیات خریدنے اور استعمال کرنے کے الزامات کے تحت ایک ’ریو پارٹی‘ سے گرفتار کیا تھا۔8اکتوبر کو ممبئی کے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے بھی آرین خان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کیا تھا اور سیشن کورٹ نے ان کا 7روزہ ریمانڈ بھی دیا تھا۔ اس ریمانڈ کے مکمل ہونے کے بعد انھیں 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔آرین خان اور دیگر شریک ملزمان کو فی الحال ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں رکھا گیا ہے۔آرین خان کے کیس میں منسلک وکلا نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ اب وہ ضمانت کے حوالے سے نئی درخواست ممبئی ہائیکورٹ میں جمع کروائیں گے جہاں سے انھیں انصاف ملنے کی امید ہے۔