کالعدم جماعت کا دھرنا، درجنوں کارکنان زیرِ حراست

October 21, 2021

لاہور میں کالعدم جماعت کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ دھرنے سے درجنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے پولیس نفری کا گشت جاری ہے، امن و امان کے لیے خطرہ بننے والے قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

ڈی پی او فیصل گلزار کا کہنا ہے کہ قیام امن سے متعلق محکمہ داخلہ کے احکامات پر عمل کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی الرٹ ہے، واٹرکینن گاڑیاں، اینٹی رائٹس فورس اور اسپیشل فورسز کے دستے پہنچ گئے ہیں۔

دھرنےکے باعث کالی کوٹھی، اقبال ٹاؤن، اسکیم موڑ، سوڈیوال کے علاقے سیل کردیے گئے ہیں، نیازی اڈا اور سمن آباد موڑ سے ملحق راستے بھی خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کیے گئے ہیں۔

گوجرانوالہ میں کالعدم جماعت کے احتجاج کو روکنے کیلئے اہم چوراہوں، شاہراہوں پر پولیس نفری تعینات ہے۔

کامونکی میں سڑکوں پر پولیس کا گشت جاری ہے، سٹی چوک میں پولیس نفری تعینات ہے۔