بلوچستان کاسیاسی ٹوپی ڈرامہ اصل مسائل سے توجہ ہٹانےکی کوشش ہے،صادق عمرانی

October 24, 2021

کوئٹہ(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ ہڈیوں کے بھربھرے پن سے بچنے کیلئے اچھی خوراک کے استعمال کا مفت مشورہ دینے والوں کو اس حقیقت کا بھی ادراک کرلینا چاہئے کہ مسلط کردہ مصنوعی مہنگائی کے لاجواب دور حکومت میں عوام کا پیٹ کا جہنم بھر لینا کافی نہیں اچھی خوراک ان کیلئے شجر ممنوعہ قرار دی جاچکی ہے، سلطنت عمرانیہ نے عوام کو لوہے چبوا دیئے ہیں اس نے ہڈیوں کے ساتھ دانت بھی بھربھرے کردیئے ہیں، مسلسل دلاسے اور طفل تسلیوں اور مسلط کردہ گھبرانا نہیں کے فارمولے نے عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑ لیا ہے۔ تبدیلی سرکار کو بہانا چاہئے عوامی مفادات پر کاری ضرب لگانے کا جس کیلئے اداروں کے کاندھے پر بندوق رکھ کر چلائی جارہی ہے، بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے سے پیٹ نہیں بھرا اور اب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ بجلی مزید مہنگی کرنے کا عندیہ دے کر عوام کی روح قبض کرلی ہے۔ معیشت آئی ایم ایف کے شکنجے میں کس نے دی ہے، عالمی مالیاتی اداروں کی کڑی شرائط گلے کی ہڈی بن چکی ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ بلوچستان میں جاری سیاسی ٹوپی ڈرامہ عوام کی توجہ اصل حقائق و مسائل سے کسی اور جانب مبذول کروانے کی بھونڈی کوشش ہے، سب کچھ طے شدہ حکمت عملی کے عین مطابق ہوگا۔