پولیو ہمارے مشترکہ مستقبل کیلئے ایک خطرہ ہے، آصفہ بھٹو زرداری

October 25, 2021

کراچی(این این آئی)شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے عالمی پولیو ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنی زندگیاں دائو پر لگا کر اگلے محاذوں پر ڈٹے ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہاکہ پولیو ہمارے مشترکہ مستقبل کیلئے ایک خطرہ ہے۔ دنیا کو ہر صورت اپنے عہد کو دہراتے ہوئے ویکسین سے ختم ہونے والی اس بیماری کو روکے جانے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ ہمارے بچوں کا ہم پر ایک قرض ہے۔ایسے میں جب پاکستان کی صورت حال نسبتاً بہتر ہوئی ہے، افغان بچوں کا مستقبل غیریقینی ہے۔آصفہ بھٹو زرداری نے کہاکہ افغان بچے مدد کے لئے دنیا کی جانب دیکھ رہے ہیں اور ہمیں انہیں مایوس نہیں کرنا چاہیے۔