نبی کریم ؐکے اسوہ حسنہ اپناکر کامیاب ہوسکتے ہیں، عامر شوکت

October 25, 2021

باصل(پ ر ) سوئٹزرلینڈ کے شہر باصل میں مرکزی جلسہ عید میلادالنبی ﷺ زیرسرپرستی صاحبزادہ سید علی جیلانی منعقد ہوا جس کے مہمانان خصوصی سفیر پاکستان عامر شوکت اور یورپ کے مشہور نعت خواں پیر سید جعفر علی شاہ سواتی تھے۔ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ہال عاشقان رسولﷺ کے نعروں اور درودسلام سے گونجتا رہا۔تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز سید علی جیلانی نے کیا ،آقا کے حضور نعتوں کے گلدستے محمد نصیر، محمودالحسن شاہ، سید زین جیلانی، ریاض دین، خالد پنی، امبر جیلانی اور اصباح حیدر نے پیش کیے، اس موقع پر سفیر پاکستان عامر شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن شریف آقا پر نازل ہوا اور یہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اگر ہم آقا کے اسوہ حسنہ کے چند پہلو اپنالیں تو یہ دنیا کیا ہم آخرت میں بھی سر خرو ہونگے، آپ صادق اور امین تھے اور اور آپ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور آپ نے لوگوں کو معاف کیا کیونکہ آپ اس دنیا میں رحمت بن کر آئے، سید علی جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن میں خدا فرماتاہے جب تمہیں خدا کا فضل اور رحمت عطا ہو تو خوب خوشیاں منائو، ہمارے آقا دنیا کی سب سے بڑی رحمت ہیں، رحمتہ اللعالمین ہیں تو ان کے میلاد پر ہمیں بے انتہا خوشیاں منانی چاہئیں، یورپ کے مشہور نعت خواں سید جعفر علی شاہ نے اپنے مخصوص انداز میں خوبصورت کلام سے لوگوں کے ایمان کو تازہ کیا، آخر میں سید علی جیلانی نے اجتماعی دعا کی، لنگر محمدی سجاد خان اور راجہ فیاض نے تیار کیا، ذوالفقار احمد، محمد اختر، خالد گوجر ،محمد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔