امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے، اس معاملے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار لائق تحسین ہے۔
لیک لوزن سمٹ کے کانفرنس ہال پہنچنے پر جی ڈی وینس کا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران امریکی نائب صدر نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا کردار لائق تحسین ہے، سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، ہم مستقبل کے لیے مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ امن کے لیے ایران کے مثبت کردار کے خواہاں ہیں، مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ لبنان کی صورتحال پر تشویش ہے، امریکی صدر لبنان میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ہمیں متعدد مسائل کے حل کے لیے سفارتی راستہ تلاش کرنے کا اختیار دیا ہے، سوال یہ ہے کہ آیا ہم مشرق وسطیٰ میں تعلقات کو مستقل طور پر تبدیل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی عدم استحکام پیدا کرنے کا سبب رہا ہے، پچھلے چند گھنٹوں میں ہم نے بہترین پیشرفت کی ہے، معاملات پر مثبت گفت و شنید کی ضرورت ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ٹرمپ نے ہمیں کہا ہے کہ ہم نئی شروعات کریں، امریکی صدر نے ہمیں کہا کہ ایرانی عوام سے اپنے تعلقات بہتر بنائیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب ہم ایک ایسا مستقبل دیکھ رہے ہیں جہاں سب مل کر امن و خوشحالی کےلیے کام کریں، لبنان جنگ بندی یقینی بنانے کے لیے گزشتہ دو روز میں بہترین پیشرفت دیکھی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ آج امن، ترقی اور بحران کے خاتمے کے لیے عظیم دن ہے، تعمیری مذاکرات کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے، مشرق وسطی میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے۔