پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) جاپان کے صدر شاہد مجید نے سابق وزیرِ اعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے یومِ پیدائش پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ محترمہ بےنظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی، بقا اور آمریت کے خاتمے کے لیے جو لازوال اور تاریخی قربانیاں دیں، وہ ملکی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں۔
شاہد مجید کا کہنا تھا کہ محترمہ نے نہ صرف پاکستان بلکہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم بن کر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔ جمہوریت اور آئین کی بالادستی، انسانی حقوق اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان کا مثالی کردار اور وژن ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی جاپان محترمہ کے فلسفے اور مشن کو دنیا بھر میں آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اس موقع پر جاپان میں موجود پارٹی کارکنان نے بھی شہید قائد کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔