• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اعلیٰ مدبرانہ صلاحیتوں کے بغیر آج ہم یہاں نہ ہوتے: جے ڈی وینس

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں دو اہم ترین شخصیات ہیں جن میں ایک بھارتی اور ایک پاکستانی ہیں۔ 

سوئٹزرلینڈ کے برجن اسٹاک میں ایران امریکا مذاکرات شروع ہوگئے، نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اپنی اہلیہ کا دلچسپ انداز میں ذکر کیا۔

اپنی گفتگو شروع کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اپنی قیادت، انتہائی تدبر اور مہارت پر مبنی سفارتی مذاکرات کے ذریعے ہمیں اس اہم موڑ تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اور میں شکریہ ادا کروں گا پاکستان میں ان کے فیلڈ مارشل، عاصم منیر کا۔ میں یہ ضرور کہوں گا کہ جب سے فیلڈ مارشل منیر اور وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں ہمارا خیرمقدم کیا ہے، تب میں نے مذاقاً ایک بات کہی کہ میری زندگی میں دو بہت ہی اہم ترین شخصیات ہیں؛ ایک بھارتی اور ایک پاکستانی۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ بھارتی شخصیت میری اہلیہ ہیں، اور پاکستانی شخصیت فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران میں نے جتنا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ اور بات چیت کی ہے شاید ہی کسی اور سے کی ہو۔ 

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اعلیٰ مدبرانہ صلاحیتوں کے بغیر  آج ہم یہاں نہ کھڑے ہوتے۔

جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بلاشبہ ایک عظیم فوجی لیڈر ہیں، لیکن میرے خیال میں انہوں نے خود کو ایک عظیم اور ماہر سفارتکار بھی ثابت کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں امریکا اور ایران ایک بار پھر آمنے سامنے بیٹھ گئے۔ اسلام آباد مذاکرات کے دو ماہ بعد امریکا اور ایران کے درمیان سوئٹزر لینڈ میں براہ راست اعلیٰ ترین سطح پر بیٹھک لگی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا استقبال کیا،  کانفرنس ہال میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، محسن نقوی موجود ہیں، جبکہ ایرانی وفد بھی کانفرنس ہال میں پہنچ گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید