آریان کی گرفتاری پر خاموشی، میکا سنگھ بالی ووڈ پر برس پڑے

October 25, 2021

بھارتی گلوکار میکا سنگھ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری پر خاموش رہنے والے بالی ووڈ اسٹارز پر برس پڑے۔

انہوں نے شاہ رخ خان کا ساتھ نہ دینے پر فلم انڈسٹری کو آڑے ہاتھوں لینے والے سنجے گپتا کے پیغام پر اپنا ردِعمل دیا۔

ٹوئٹر پر سنجے گپتا نے پیغام لکھا تھا جس میں انہوں نے آریان خان کی گرفتاری کو شرمناک قرار دیا۔

اس پیغام پر میکا سنگھ نے جواب میں اُن سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ بالکل درست کہہ رہے ہیں۔

میکا نے لکھا کہ یہ تمام لوگ ڈراما دیکھ رہے ہیں اور اس تمام تر معاملات پر ایک لفظ تک نہیں کہہ سکتے۔

انہوں نے شاہ رخ خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ میں ایس آر کے کے ساتھ ہوں، اور ان کے بیٹے کو ضمانت ملنی چاہیے۔

گلوکار نے لکھا کہ فلم انڈسٹری میں سب کے بچے ایک بار جیل جائیں گے، تب جاکر یہ اتحاد دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ سنجے گپتا نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ شاہ رخ خان نے ماضی میں فلم انڈسٹری میں ہزاروں لوگوں کو روزگار دیا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ رخ فلم انڈسٹری کے ہر مقصد کے لیے کھڑے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اور ایسے موقع پر فلم انڈسٹری کی خاموشی شرمندگی سے کم نہیں ہے۔