• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندری کچھوؤں کے تحفظ کی علمبردار لبنانی سوشل ورکر مونا خلیل اسرائیلی حملے میں جاں بحق

مونا خلیل / فوٹو لبنانی میڈیا
مونا خلیل / فوٹو لبنانی میڈیا 

جنوبی لبنان کے ساحلی علاقے منصوری میں سمندری کچھوؤں کے تحفظ کے لیے 2 دہائیوں سے سرگرم ماہر ماحولیات مونا خلیل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی ہیں۔ وہ رواں ماہ اسرائیلی فضائی حملے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں، جس میں ان کا گھر بھی نشانہ بنا تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حملے میں منصوری کے ساحل پر واقع ان کی رہائش گاہ، جو "اورنج ہاؤس" کے نام سے معروف تھی، متاثر ہوئی۔

اس حملے میں مونا خلیل شدید زخمی ہوئیں جبکہ ان کی معاون بھی زخمی ہوئی تھیں، انہیں فوری طور پر جبل عامل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کئی روز زیر علاج رہنے کے بعد وہ دم توڑ گئیں۔

ماحولیات کے تحفظ کے کام کرنے والی مونا خلیل نے سنہ 2000 میں دی اورینج ہاوس پراجیکٹ شروع کیا تھا۔ جس کا بنیادی مقصد گرین ٹرٹلز کے انڈوں کی حفاظت تھا۔

 2006 میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازع بڑھا تو ان پر لبنان چھوڑنے کا دباو بڑھا تھا، تاہم انہوں نے اپنا گھر اور گرین ٹرٹلز کے بچاؤ کا کام نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا قائم کردہ ماحولیاتی اور سیاحتی منصوبہ مقامی آبادی، ساحلی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک کامیاب مثال سمجھا جاتا تھا۔

ماحولیاتی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مونا خلیل کی وفات نہ صرف لبنان بلکہ پورے خطے میں ماحولیات کے تحفظ کی کوششوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

 واضح رہے کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 2 مارچ سے اب تک 4 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید