ویکسی نیشن نہ کرانے پر کاروباری مراکز سر بمہر، جرمانے عائد

October 27, 2021

اسلام آباد، راولپنڈی(خصوصی رپورٹ، خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرٹیم (این سی او سی) نے منگل کو مجسٹریٹ راولپنڈی سٹی کے ہمراہ کمرشل ایریا کے مختلف بینکس، سکستھ روڈ، چاندنی چوک اور گردونواح میں ویکسی نیشن کے لازمی نظام کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے۔ ٹیموں نے بینکوں، کیش اینڈ کیریز، شاپنگ مالز، ریستورانز، ہوٹلوں اور بازاروں میں دکانوں کے عملے اور صارفین کی ویکسی نیشن کی صورتحال کو چیک کیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مختلف کیش اینڈ کیریز، ریستوران، شاپنگ مالز اور مارکیٹ میں موجود دکانداروں کو ایسے افراد اور عملے جنہوں نے ویکسی نیشن نہیں کروائی انکو سہولت فراہم کرنے پر سر بمہرکر دیا اور جرمانے عائد کیے۔دریں اثناء اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مختلف علا قوں میں چیکنگ کے دوران کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی اور گراں فروشی کے مرتکب8 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ6دکانیں اور3ریسٹورنٹ سیل کر دیئے گئے ، خلاف ورزی کے مرتکب افراد سے مجموعی طور پر 60ہزار 500روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے جھنڈا چیچی کے علاقے کا دورہ کیا اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ گرانفروشی پر دو دکانوں کو سربمہر کر دیا گیا، ایک ایف آئی آر درج اور 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔