علی ظفر جیت کے بعد کیویز کی پاکستان آمد کیلئے پرامید

October 27, 2021

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فتح کے بعد کیویز کے دوبارہ پاکستان آنے کے لیے پرامید ہیں ۔

علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا اور میچ میں پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پیغام دیا کہ ’ آپ نے زبردست کھیلا ، اور وہ نیوزی لینڈ کو پاکستان میں دوبارہ دیکھنے کے منتظر ہیں۔‘

اپنے ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے علی ظفر نے لکھا کہ ’ ایک بار پھر پاکستان کی ٹیم کو مبارک ہو۔ ‘

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ پاکستان پر پہنچی تھی اور میچ کھیلے بغیر ہی سیکیورٹی کو جواز بنا کر واپس چلی گئی تھی۔پاکستان ٹیم کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی شکست پر ٹویٹر پر ’سیکیورٹی‘ ٹرینڈ کررہا ہے ۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔