امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی اپنے ملک میں مقبولیت کم ہو رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی پر اپنے ساتھ تصویر کھچوانے کی خواہش کا الزام عائد کردیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ فرانس میں جی 7 اجلاس کے دوران جارجیا میلونی نے بار بار میرے ساتھ تصویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم بعد میں انہوں نے امریکا کے ساتھ تعاون کرنے سے گریز کیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اٹلی میں میلونی کی مقبولیت میں کمی آ رہی ہے، جس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا تیار کرنے سے روکنے کے معاملے پر امریکا کا ساتھ نہیں دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اٹلی نے امریکا کو اپنی فضائی حدود اور رن ویز استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں دی، جس سے امریکی کارروائیوں میں لاجسٹک مشکلات پیدا ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال اس حقیقت کے باوجود پیش آئی کہ امریکا اٹلی اور دیگر نیٹو اتحادیوں کے دفاع پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف امریکی کامیابی کے بعد اب میلونی دوبارہ امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنا چاہتی ہیں تاکہ اپنی سیاسی مقبولیت میں اضافہ کر سکیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ اب جبکہ امریکا نے ایران کو عسکری طور پر شکست دی ہے، وہ دوبارہ دوستی کرنا چاہتی ہیں تاکہ اپنے سیاسی نمبر بہتر بنا سکیں، لیکن میں اس سے اتفاق نہیں کرتا۔