آریان خان کی درخواست ضمانت کی سماعت آج تک کیلئے ملتوی

October 28, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)ممبئی ہائی کورٹ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت کی سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی۔ممبئی ہائی کورٹ میں آریان خان کی منشیات کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت ایک روز کے لیے ملتوی کردی۔ اٹارنی جنرل کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ آریان ایک نوجوان ہے اور اسے جیل کے بجائے بحالی سینٹر میں ہونا چاہیے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران شاہ رخ نے جیل انتظامیہ سے گھر کا کھانا آریان خان تک لے جانے کا سوال کیا جس پر جیل انتظامیہ نے اداکار کو یہ کہہ کر روک دیا کہ جیل میں گھر کا کھانا لیجانے کے لیے انہیں عدالت کی اجازت درکار ہے۔خیال رہےکہ شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریان کو 3 اکتوبرکو نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ایک کروز شپ پر پارٹی پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھرڈ جیل میں قید ہے اور اس کے وکلا کا مسلسل اصرار ہےکہ آریان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔گذشتہ روز آریان کیس کے ایک گواہ پربھاکر نے حلفیہ این سی بی کے افسر سمیر وانکھیڈے پر الزام عائد کیا تھا کہ این سی بی افسر نے آریان کی رہائی کے عوض شاہ رخ خان سے 25کروڑ روپے رشوت مانگی ہے۔سمیر وانکھیڈے کی جانب سے ان الزامات کی مکمل تردید کردی گئی ہے جب کہ این سی بی افسر نے اس واقعے کے بعد ممبئی پولیس کمشنر کو خط لکھا جس میں ان سے مزید سکیورٹی کی درخواست کی ہے۔