حکومت احتجاج اور دھرنوں کا مستقل حل تلاش نہیں کر سکتی، تجزیہ کار

October 28, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال کالعدم ٹی پی ایل کے احتجاج کا سلسلہ جاری، کیا پی ٹی آئی کی حکومت معاملے کا مستقل حل ڈھونڈ پائے گی؟

جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت احتجاج اور دھرنوں جیسے معاملات کا مستقل حل تلاش نہیں کرسکتی، ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ ن لیگ کیلئے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ نمبرز حاصل کرنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔

حسن نثار نے کہا کہ یہ حکومت مرض کی صحیح تشخیص نہیں کررہی علاج کیسے صحیح ہوگا، اس کے ڈانڈے اقتصادیات سے لے کر علم تک ملتے ہیں، حقیقی اسلام میں اس طرح کی چیزوں کی گنجائش ہی نہیں ہے۔

حفیظ اللّٰہ نیازی کا کہنا تھا کہ دھرنے تحریک لبیک پاکستان کی ایجاد نہیں ہیں، یہ کہنا عجیب ہے کہ تحریک لبیک ٹھیک ہوجائے تو پاکستان میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک ہوجائے گی۔

تحریک لبیک کے احتجاج کی تازہ لہر دس پندرہ دن پہلے آئی اس سے پہلے بھی پاکستان میں لاقانونیت کی مثالیں قائم ہورہی تھیں۔ محمل سرفراز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی مذہب کے نام پر سیاست کررہے ہیں۔

حکومت احتجاج اور دھرنوں جیسے معاملات کا مستقل حل تلاش نہیں کرسکتی، اس کی وجہ ہماری ریاست، حکومت اور سیاسی جماعتوں کا معذرت خواہانہ رویہ ہے۔

حکومت معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کے بجائے لاقانونیت پھیلانے والوں کیخلاف ایکشن لے۔