بالی ووڈ اداکارہ سری لیلا نے اپنی میڈیکل تعلیم مکمل کر کے باضابطہ طور پر ڈاکٹر کا درجہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے ممبئی کی ڈی وائی پٹیل یونیورسٹی سے 6 سالہ تعلیم مکمل کی، جس دوران انہوں نے فلمی کیریئر بھی جاری رکھا۔
10 فروری کو ہونے والی گریجویشن تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز مداحوں نے بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
ایک تصویر میں سری لیلا کو اسٹیج پر ڈگری وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں وہ میروون رنگ کے کنوکیشن لباس میں ملبوس تھیں۔ ایک ویڈیو میں وہ ساتھی طلبہ کے ساتھ بیٹھی نظر آئیں اور ڈگری وصول کرنے کے بعد اپنے اہلِ خانہ کو گلے لگایا۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’ہم تو پاس نمبر لینا مشکل سمجھتے ہیں، انہوں نے فلموں کے ساتھ میڈیکل کیسے مکمل کیا؟‘
اسی طرح ایک اور صارف نے تحریر کیا، ’ایم بی بی ایس اتنی آسانی سے مکمل کرنا ممکن نہیں، اداکارہ واقعی بہت ذہین ہیں۔‘
کچھ مداحوں نے یاد دلایا کہ ’سری لیلا نے اس دوران تین بچوں کو بھی گود لیا‘ جبکہ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’کمال ہے ڈاکٹر سری لیلا! فلمی شوٹس، سخت شیڈول، عوامی زندگی۔۔۔ اور پھر بھی میڈیکل گریجویشن مکمل؟ یہ غیر معمولی ضابطہ ہے۔‘